ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پنتھرس سربراہ کی جموں وکشمیر کو مزید اموات اور تباہی سے بچانے کیلئے پارلیمنٹ سے مداخلت کی اپیل

پنتھرس سربراہ کی جموں وکشمیر کو مزید اموات اور تباہی سے بچانے کیلئے پارلیمنٹ سے مداخلت کی اپیل

Mon, 11 Jul 2016 21:25:05  SO Admin   S.O. News Service

جموں11جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے یہاں نئی دہلی کے جنتر منتر پر نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پنتھرس پارٹی ہاتھوں میں قومی پرچم لیکر یہ تحریک شروع کرے گی کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ہندستان ایک آئین اور ایک جھنڈے کے ساتھ ایک ہے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی سمیت نئی دہلی کی حکمراں جماعتوں پر الزام لگایا کہ وہ جموں وکشمیر کے عوام کا گزشتہ67برسوں کسی نہ کسی بہانہ پر استحصال کررہی ہیں اور جموں وکشمیر کو ہندوستانی آئین کی دفعہ۔370 کے، جو ایک کینسر کی مانند ہے، تحت باقی ملک سے دور رکھ رہی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ دفعہ۔370میں ترمیم کے لئے سپریم کورٹ جائیں گے تاکہ ہندوستانی آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق جموں وکشمیر کے عوام کو بھی حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر کی حکومت اور اس کے کانگریس ، پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے لیڈروں پر گزشتہ 67برسوں سے جموں وکشمیر کے عوام کو اپنے اقتدار کی خاطر گمراہ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پاکستان پر جموں وکشمیر کے عوام کو ’خودمختاری‘ (آزادی) کے نام پر جموں وکشمیر کے عوام کا استحصال کرنے اورسیاست کی حقیقت دور رکھنے نیز ان کے لئے بنیادی حقوق کے دروازے بند کرنے کا الزام لگایا۔ پنتھرس سربراہ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام بھی ہندوستان کے باقی شہریوں کے مساوی سلوک کا حق کا رکھتے ہیں اور انہیں بھی تمام شہری اور بنیادی حقوق حاصل ہونے چاہئیں جو ہندوستانی آئین کے چیپٹر ۔تین میں ہندوستان کے ہر شہری کو دےئے گئے ہیں تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو یہ پیغام جائے کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ہندوستان ایک ہے اور انہیں بھی آزادی اور بنیادی حقوق کے ساتھ جینے کا حق ہے جن سے وہ گزشتہ 67برسوں سے آج تک محروم ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اعلان کیا کہ جموں وکشمیر کے عوام کے شہری اورسیاسی حقوقَ کے لئے پارلیمنٹ کی مداخلت کے لئے پنتھرس پارٹی ہندوستانی پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال کرے گی۔انہوں نے اراکین پارلیمنٹ سے بلاتاخیر پارلیمنٹ میں دفعہ ۔ 370میں ترمیم کا معاملہ اٹھانے کی اپیل کی تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو گزشتہ 67برسوں کے استحصال سے نجات حاصل ہو جو انہیں دفعہ ۔ 370کے سبب جھیلناپڑرہاہے۔پنتھرس پارٹی نے جموں وکشمیر میں بلاتاخیر جموں وکشمیر کے آئین کی دفعہ 92کے تحت گورنر راج لگانے کامطالبہ کیا تاکہ یہاں نئے سرے انتخابات ہوسکیں اور لوگوں تک یہ پیغام جائے کہ کشمیرسے کنیاکماری تک ہندوستان ایک ہے۔


Share: